11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:44
پی پی کو سندھ کارڈ استعمال نہیں کرنے دینگے، ارباب غلام
آج نیوز - سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کا کہنا ہے کہ میرے اوپر ظلم کرنے والے ذوالفقار مرزا آج چلنے پھرنے سے بھی معذور ہوگئے ہیں۔ تھرپارکر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ہم پر ظلم کرنے والوں کو خدا نے سزا دی ہے۔ ذوالفقار مرزا نے قرآن اٹھا کر غلط بیانی کی تھی، آج وہ چلنے پھرنے سے معذور ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کو اب سندھ کارڈ استعمال کرنے نہیں دیں گے، پیپلز پارٹی حکومت میں بدامنی بڑھ گئی، اب ملک میں امن ہورہا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے اپنے دور میں میرٹ پر ملازمتیں دیں لیکن پیپلز پارٹی حکومت نے اپنے لوگوں کو بھی پیسوں پر ملازمتیں دیں۔ ارباب رحیم کا کہنا تھا کہ میرے پاس الیکشن مہم کے لئے کوئی پیسہ نہیں ہے، عوام مجھے اپنے خرچ پر کامیاب کریں گے۔