11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 12:3
پاور سیکٹر کو 9 ماہ میں 291 ارب روپے ادا کئے گئے
آج نیوز - پاور سیکٹر کو رواں مالی سال نو ماہ کے دوران دو سو اکیانوے ارب روپے سبسڈی کی مد میں ادا کئے گئے۔ وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ حکومت نے توانائی کے شعبے کو ٹیرف ڈفرینشل کی مد میں دو سو اکانوے ارب روپے سبسڈی فراہم کی،، اس کے ساتھ ہی نگران وزیراعظم نے ملک میں توانائی کے بحران کے پیش نظر پاور سیکٹر کے لئے بیس ارب روپے بیل آؤٹ پیکیج کی منظوری بھی دی۔ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ پیپکو کے فرنیس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس کی یومیہ پیداواری گنجائش چودہ ہزار میگاواٹ ہے، تاہم مالیاتی مسائل کے باعث یہ پلانٹس اپنی فل کپیسٹی پر کام نہیں کر رہے ہیں۔ جبکہ غازی بروتھا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بعد سے اب تک کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا،، جو انرجی مکس کے معاملے میں عالمی پریکٹس کی خلاف ورزی ہے، انھوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کی مجموعی بجلی کی پیداوار نو ہزار دو سو میگاواٹ ہے، جبکہ شارٹ فال تین ہزار چار سو میگاواٹ پر برقرار ہے، ایسے میں حکومت کو کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس پر توجہ دینا ہوگی۔