تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:34

بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کے اجرا کیخلاف حکم امتناعی واپس

آج نیوز - سپریم کورٹ نے بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کے اجرا کیخلاف حکم امتناعی واپس لے لیا،قواعدوضوابط کے مطابق شروع کئے گئے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی اجازت دیدی گئی،چیف جسٹس کہتے ہیں ترقیاتی فنڈز کا استعمال انتظامیہ کا اختیار ہے قانون سازوں کا نہیں،اس سلسلے کو ختم کرنے پر فیصلہ دیں گے۔بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں میں خورد برد سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی،عدالت نے آج چیف سیکریٹری بلوچستان سے گزشتہ دور حکومت میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال،کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کو ملنے والی رقوم کا ریکارڈ طلب کر رکھا تھا ،ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ،چیف جسٹس نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا استعمال انتظامیہ کا اختیار ہے،قانون سازوں کا نہیں،ترقیاتی فنڈزاراکین اسمبلیوں کو دینے کا سلسلہ انیس سو پچاسی میں شروع ہوا،اس سلسلے کو ختم کرنے پر فیصلہ دیں گے،عدالت نے اس معاملے پر اٹارنی جنرل کا موقف سننے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیا ہے ،عبوری حکم میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ نہیں کئے گئے،جس سے عوام میں مایوسی پھیلی ، خوردبرد میں ملوث افراد کیخلاف فوجداری اور دیوانی مقدمات دائر ہونے چاہئیں تھے تاہم چیف سیکریٹری نے اس حوالے سے ناکامی کا اعتراف کیا ہے،صوبائی حکومت کے وکیل نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجرا پر حکم امتناع کے باعث بہت سے ترقیاتی منصوبے رک جائیں گے ،جس پر عدالت نے قواعد و ضوابط کے مطابق شروع کی جانے والی ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی اجازت دیدی ہے،کیس کی مزید سماعت دو ہفتے بعد ہوگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.