11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:45
توہین عدالت :چیئرمین نیب انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ملتوی
آج نیوز - توہین عدالت کیس میں چیئرمین نیب انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے،اپیل کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق موٴقف پیش کرنے کیلئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری،جسٹس انور ظہیر جمالی کہتے ہیں،پہلے اپیل کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنا ہے۔جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین نیب انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کی ،چیئرمین نیب فصیح بخاری کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کو بینچ سے الگ ہو جانا چاہئے تھا،وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ چیف جسٹس متعصب ہیں تاہم انکے بیٹے ارسلان افتخار نے ملک ریاض پر جو الزام لگائے اس سے بظاہریہی تاثر ملتا ہے،جسٹس اطہر سعید نے کہا کہ اگر وہ کوئی کیس نہ سننا چاہیں تو چیف جسٹس انہیں مجبور نہیں کر سکتے،اسی طرح پانچ رکنی بنچ بھی چیف جسٹس کو بینچ سے الگ ہونے کا نہیں کہہ سکتا،جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ انہوں نے چیف جسٹس کے بینچ سے الگ ہونیکے حوالے سے کوئی ریمارکس نہیں دیئے تھے،میڈیا کو رپورٹنگ کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے،جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ عدالت کو پہلے اپیل کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کرنا ہے،جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آٹھ رکنی بنچ اپیل کو قابل سماعت قرار دے چکا ہے ،عدالت نے اپیل کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق دلائل دینے کیلئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے،کیس کی سماعت کل دوبارہ ہوگی۔