13 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:27
دہشتگردوں کے بجائے آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا،پیر سمالانی
جیو نیوز - کوئٹہ …متحدہ قومی موومنٹ کوئٹہ زون کے انچارج پیر جان سمالانی نے کہا ہے کہ کراچی میں کیا جانے والا آپریشن دہشتگردوں،بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے بجائے ایم کیو ایم کیخلاف شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کیخلاف فوج کی نگرانی میں آپریشن کیا جائے لیکن موجودہ آپریشن فوج کے بجائے پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں کیا جارہا ہے اور اس آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کیخلاف بے بنیاد الزامات کے ذریعے پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ،سوچی سمجھی سازش کے تحت ایم کیو ایم کے رہنماوں کیخلاف بے بنیاد مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کا 85فیصد مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے اور متحدہ قومی موومنٹ کراچی شہر میں امن کے قیام کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں اور بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کا نوٹس لیا جائے۔دریں اثناء لاپتہ کارکنوں کی عدم بازیابی اور گرفتاریوں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ نے نواب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر کارکنان احتجاجی مظاہرے میں ہاتھوں میں بینرز،پلے کارڈ اور لاپتہ کارکنان کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ زونل انچارج اشفاق احمد دو دیگر کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے نام پر صرف اور صرف ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔