13 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:42
سندھ ہائیکورٹ:نوسال میں نوابشاہ رانی پور سڑک مکمل نہ ہونے پر رپورٹ طلب
جیو نیوز - کراچی…اسٹاف رپورٹر… سندھ ہا ئی کورٹ کے جج جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں قائم ۲ رکنی بینچ نے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے دو ارب چالیس کروڑ روپے سے زیر تعمیر نواب شاہ رانی پور روڈ پر وجیکٹ کی۹ سال بعد بھی تکمیل نہ ہونے پر صوبائی حکومت کے احکام سے نئی رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا ہے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ پروجیکٹ کیوں مکمل نہیں کیا جاسکا ، قبل ازیں درخواست گزاراحمد علی وسان نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے ۲ ارب ۴۰ کروڑ روپے کا نواب شاہ رانی پورپروجیکٹ اکتوبر ۲۰۰۴ کو شروع ہوا جس کا اب تک انتہائی مختصر سا حصہ مکمل ہوچکا ہے اور بیشتر حصہ نہ مکمل ہے ۔جس سے ۳ اضلاع سمیت دیگر علاقوں کے ایک کروڑ سے زائد عوام برائے راست متاثر ہورہے ہیں ، اس روڈ کی تعمیر نہ ہونے سے ہسپتالوں ، اسکول اور دیگر سہولیات سے شہری محروم ہورہے ہیں۔ سندھ حکومت نے اس پروجیکٹ کوروک رکھا ہے لہذا عدالت سے استدعاہے کہ پروجیکٹ کی تکمیل میں رکاوٹ بننے والے حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور حکومت کو حکم دیا جائے کہ وہ اس پروجیکٹ کو فوری طور پر تعمیر کروایا جائے ۔