تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 6:27

چیف جسٹس یا آرمی چیف نے مدت ملازمت میں توسیع نہیں مانگی،وزیر اطلاعات

جیو نیوز - اسلام آباد…حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف کے عہدوں کی مدت میں ممکنہ توسیع کی اطلاعات کو رد کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات کہتے ہیں ایسی افواہیں پھیلانے والے، دونوں شخصیات کو بدنام کرنے کے ساتھ ملکی مفاد کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق جیسے جیسے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ریٹائرمنٹ کا وقت قریب آ رہا ہے، ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ انہیں مدت ملازمت میں توسیع دی جائے گی۔ لیکن حکومت اس وقت ان کے عہدوں کی مدت میں توسیع پر غور نہیں کر رہی۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات اورحکومت کے ترجمان پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خدمت میں اہم کردار کے حامل چیف جسٹس سپریم کورٹ اور آرمی چیف انتہائی معزز شخصیات ہیں، لیکن کچھ لوگ انہیں غیر ضروری تنازعات میں گھسیٹنا چاہتے ہیں، جبکہ اپنی اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے دونوں شخصیات نے نہ تو کوئی اشارہ دیا اور نہ ہی بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر ایکسٹینشن کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نے آرمی چیف کو توسیع لینے پر مجبور کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال پر وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ براہِ مہربانی ملک کے ہیروز کو ایسے تنازعات سے دور ہی رکھیں۔پرویز رشید کے مطابق کچھ لوگ ہر معاملے میں پاکستان کے ساتھ جڑی شخصیات کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور وہ بھی صرف بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام خراب کرنے کیلئے۔چند ماہ قبل آرمی چیف نے بھی اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کس طرح میڈیا میں کچھ مبصرین نے انہیں بدنام کیا اور وہ بھی ایک ایسے معاملے پر جو نہ ان کے ذہن میں ہے، نہ اس پر کوئی بات ہوئی اور نہ ہی ایسے کسی معاملے کا کوئی وجود ہے۔چیف جسٹس کی ممکنہ ایکسٹینشن سے متعلق موجودہ صورتحال یہ ہے کہ آئین میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر کا ذکر موجود ہے اور کوئی ایگزیکٹیو اتھارٹی یا پھر عدالت خود اس میں توسیع نہیں کرسکتی۔ صرف آئینی ترمیم کے ذریعے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ یا کمی کی جا سکتی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.