15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 9:40
بلدیاتی انتخابات دسمبر میں ممکن ،سندھ حکومت سپریم کورٹ کو جواب کل دیگی
جیو نیوز - کراچی…سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد دسمبر کے آخر تک ہی ممکن ہوسکے گا اور اس بارے میں صوبائی حکومت اپنا جواب کل سپریم کورٹ میں جمع کروائے گی۔ سپریم کورٹ نے ایک کیس کی سماعت میں چاروں صوبائی حکومتوں کو ستمبر کے قریب بلدیاتی انتخابات کروانے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے جس پر ان صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کیا گیا ہے ، سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپنا ہوم ورک تیار کرلیا ہے جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات ستمبر میں ممکن نہیں البتہ دسمبر کے آخر میں کروائے جاسکیں گے ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ خالد جاوید نے جیو نیوز کو بتایاکہ حکومت سندھ اکتوبر کے وسط تک حد بندیوں کا کام مکمل کرے گی، حد بندیوں سے متعلق ٹریبونل میں آنے والی شکایات پر بھی فیصلہ کیا جانا ہے ،قواعد کے مطابق حد بندیاں مکمل ہونے کے 2 ماہ بعد انتخابات کرائے جاسکتے ہیں، اس لحاظ سے بلدیاتی انتخابات جلد از جلد بھی دسمبر کے آخر تک ہی کروائے جاسکیں گے ، اور سندھ حکومت اس بارے میں اپنا جواب کل سپریم کورٹ میں جمع کروائے گی ، دوسری طرف خیبر پختونخوا حکومت اور کنٹونمنٹ بورڈز ، نومبر میں بلدیاتی انتخابات کروانے کااعلان کرچکے ہیں۔