15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 14:45
کسی جمہوری حکومت نے بلدیاتی نظام چلنے نہیں دیا،عمران خان
جیو نیوز - ڈی آئی خان…پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کسی جمہوری حکومت نے بلدیاتی نظام چلنے نہیں دیا، تحریک انصاف نظام بدلنے آئی ہے اور دو دنوں میں اسمبلی میں نیا نظام پیش کردیا جائے گا،منتخب نمائندوں کے پاس پہلے سائیکل بھی نہیں تھی اب لینڈ کروزر پر گھومتے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ساری جماعتیں بار بار اقتدار میں آچکی ہیں، تحریک انصاف کو ابھی صرف ڈھائی ماہ ہوئے ہیں 6 ماہ میں لوگ خیبرپختونخوا اور پاکستان کے دیگر صوبوں میں فرق محسوس کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کے پاس پہلے سائیکل بھی نہیں تھی اب لینڈ کروزر پر گھومتے ہیں،قوم غریب ہوتی جارہی ہے اوریہ لوگ امیر ہورہے ہیں۔ ایم این اے ڈیزل کے پرمٹ مانگتے ہیں، یہ آپ کا پیسہ ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 9 سال سے کہہ رہے ہیں کہ امریکا کی جنگ میں شرکت نہ کرو، اب ساری سیاسی جماعتیں ان کے موقف کی تائید کررہی ہیں۔وقت آگیا ہے آپ اپنے آپ کو آزاد کریں، آج سارے پاکستان کی سیاسی جماعتیں کہہ رہی ہیں امریکا کی جنگ سے نکلو، بات چیت کے ذریعے امن لائیں گے۔ پختوانخوا کا صوبہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، یہاں امن لائیں گے، خوشحال بنائیں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی وزیر غلط کام کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اسے نہیں چھوڑیں گے، سرکاری انتظامیہ کو خدمت گار بنائیں گے اور اچھی کارکردگی دکھانے والے تھانیداروں کی عزت ہوگی۔