تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 16:6

طالبان کا مذاکرات کیلئے قیدیوں کی رہائی ، فاٹا سے فوج کی واپسی کا مطالبہ

جیو نیوز - کراچی…کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا،ترجمان تحریک طالبان کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے اخلاص اور اختیار کو ثابت کرنے کے لئے قیدیوں کی رہائی اور فاٹا سے فوج کی واپسی کا اعلان کرے۔نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر جیو نیوز کے اینکر سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تحریک کے مرکزی ترجمان شاہداللہ شاہد نے کہا کہ گذشتہ روز تحریک کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کا خیرمقدم کیا گیا لیکن چونکہ ماضی میں حکومت کی طرف سے بدعہدیاں ہوئی ہیں ‘ اس لئے طالبان کا مذاکرات پر سے یقین اٹھ گیا ہے۔ ترجمان کا کہناتھاکہ اجلاس میں حکومت سے کہا گیا کہ وہ اگر سنجیدہ ہے تو اپنے اختیار اور اخلاص کو ثابت کرنے کے لئے طالبان قیدیوں کی رہائی اور فاٹا سے فوج کی واپسی یا پھر اس جیسے دیگر اقدامات اٹھائے۔ اگر حکومت اس طرح کے اقدامات اٹھا کراپنے اخلاص اور اختیار کا مظاہرہ نہیں کرتی تو پھر مذاکرات وقت کا ضیاع ہے۔ جنگ بندی کے سوال پر شاہداللہ شاہد نے کہا کہ چونکہ جنگ حکومت نے شروع کی ہے ‘ اس لئے جنگ بندی میں پہل بھی حکومت ہی کو کرنی ہوگی اور اگر حکومت کی طرف سے جنگ بندی ہوئی تو پھر لامحالہ طالبان بھی اس پر سوچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ابھی تک طالبان کے ساتھ کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا۔ نہ حکومتی وفد طالبان کے پاس آیا ہے اور نہ کوئی فرد حکومتی نمائندے کی حیثیت سے ملا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.