تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 17:10

وزیراعظم کل ترکی پہنچیں گے،ترک رہنماؤں سے اہم امور پر گفتگو ہوگی

جیو نیوز - انقرہ …محمد عاصم نصیر… وزیراعظم نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر کل ترکی پہنچیں گے۔وہ اس موقع پر اپنے ترک ہم منصب طیب اردگان اور صدر عبداللہ گل سے ملاقاتیں کریں گے۔ن لیگ ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وہ ترک رہنماوٴں سے شام کی صورت حال، افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا اور اس کے بعد کی صورت حال پر بھی گفت گو کریں گے۔ نواز شریف ہائی لیول کارپوریشن کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ کونسل 2009 میں اس وقت قائم کی گئی تھی جب ترک وزیراعظم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس کونسل کے تحت تجارت، تعلیم، توانائی، کمیونی کیشن، کلچر اور ثقافت کے حوالے سے دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔ وزیراعظم اس موقع پر مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کرینگے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، پشاور اور ملتان میں میٹرو بس کے قیام کے حوالے سے بھی ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔دورہ کے موقع پر لو کاسٹ ہاؤسز بنانے کے لئے ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کریں گے۔وزیراعظم استنبول بھی جائیں گے جہاں وہ بزنس فورم سے خطاب اور ترکی کی اہم کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے، پنجاب میں سولر انرجی اور ونڈ پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کے لئے بھی مختلف حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے دورے کے دوران ترکی ایروسپیس انڈسٹریز کا دورہ کریں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.