15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:7
اے پی سی فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے سنجیدہ حکومتی کوشش نہیں ہورہی، منورحسن
جیو نیوز - لاہور…امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے حکومت کی طرف سے کوئی سنجیدہ کوشش سامنے نہیں آ رہی جس سے خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جو حال پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں کی قرار دادوں کا ہواتھاوہی موجودہ حکومت آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کاکرنے والی ہے ۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ پانچ روز سے منصورہ میں جاری کارکنوں کی مرکزی تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اُن کا کہناتھا کہ طالبان سے مذاکرات میں تاخیر سے ذہنوں میں کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ مذاکراتی عمل کے آغازمیں حائل رکاوٹوں کودور کرنے کی سنجیدہ کوشش ہونی چاہیے۔سید منورحسن نے کہا کہ حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تمام رکاوٹوں کو دور کرکے طالبان سے مذاکرات کا آغاز کردینا چاہیے۔پوری قوم کی نظریں حکومت طالبان مذاکرات کی طرف لگی ہوئی ہیں۔اس موقع کو ضائع کر دیاگیا تو ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی سے نجات کا موقع ہاتھ سے نکل جائے گا۔