15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 21:13
ٹھٹھہ: ترکی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے120 مکانوں کا تحفہ
جیو نیوز - ٹھٹھہ…ٹھٹھہ کے سیلاب زدگان کے لیے خوش خبری ہے کہ ترک حکومت کی جانب سے ٹھٹھہ میں متاثرین کیلئے 300ایکڑ اراضی پردوہزار120 مکانوں پر مشتمل ترکش ہاوٴسنگ اسکیم کو صوبائی ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ترکش ہاوٴسنگ اسکیم کے سلسلے میں تقریب وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں ہوئی جس میں وزیر اعلی ٰسندھ سید قائم علی شاہ ، ترکی کے قونصل جنرل سمیت متعلقہ حکام اور ضلع ٹھٹھہ کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان اور اُس کے عوام کی مدد کی ہے۔سید قائم علی شاہ نے ہدایات دیں کہ ہاوٴسنگ اسکیم کیلئے فراہمی و نکاسی آب،بجلی اور دیگر سہولیات کا فوری بندوبست کیا جائے ۔اس موقع پر ترکی کے قونصل جنرل نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لئے تعمیر کی گئی دو ہزار120مکانوں پر مشتمل ترکش ہاوٴسنگ اسکیم میں 3مساجد،ایک ہائی اسکول،کمیونٹی ہال،بزنس سینٹر،اسپورٹس کمپلیکس اور ایک پلے گراوٴنڈ بھی موجود ہے۔