16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 4:13
وزیراعظم نواز شریف سرکاری دورے پر آج ترکی روانہ ہوں گے
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر آج ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے دورے میں ترک ہم منصب طیب اردگان اور صدر عبداللہ گل سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں شام کی صورت حال اور افغانستان سے امریکی انخلا پر بھی گفتگو ہوگی۔وزیراعظم کے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، پشاور اور ملتان میں میٹرو بس چلانے کے حوالے سے بھی ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ نوازشریف بزنس فورم سے خطاب اور اہم کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ پنجاب میں سولر انرجی اور ونڈ پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کے لیے بھی بات چیت کریں گے۔