16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 7:56
سپریم کورٹ، تھری جی لائسنس کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی
جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ نے ایک بار پھر وفاقی حکومت کو حکم دیا ہے کہ تھری جی لائسنس کی نیلامی کے لیے فوری طور پر چیئرمین پی ٹی اے اور ارکان کا تقرر کیا جائے۔ حکومت کی جانب سے مزید وقت مانگنے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔ سپریم کورٹ میں تھری جی لائسنس کیس کی سماعت جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے پی ٹی اے چیئرمین اور ارکان کی تقرری کے لیے حکومت کی جانب سے مزید وقت دینے کی استدعامسترد کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ حکومت پی ٹی اے چیئرمین اور ارکان کا جلد از جلد تقرر کرے، کمیشن کو فیصلے کے لیے کورم کی شرط کا سامنا نہیں تو پھر اہم عہدوں پر تقرریاں کیوں نہیں کر رہا۔جسٹس تصدق جیلانی نے کہا کہ بار بار کہہ چکے ہیں، قومی اہمیت کا معاملہ ہے تاخیر نہ کریں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔