16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 7:57
سپریم کورٹ: لاپتہ افراد کے بارے میں آئی جی ایف سی کی رپورٹ مسترد
جیو نیوز - کوئٹہ…سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کے بارے میں آئی جی ایف سی کی رپورٹ پھر مسترد کردی۔ بلوچستان بے امنی کیس میں چیف جسٹس نے کہا کہ جہاں سے ہو بندے لائیں، فورسز کو شرمندہ نہ کریں، ہمیں رزلٹ چاہئیں۔ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بے امنی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے آئی جی ایف سی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں کسی کی شکل نہیں دیکھنی، ہمیں بندے چاہیں ، جہاں سے ہو، بندے لائیں، فورسز کو شرمندہ نہ کریں، ہرشخص اْن پر الزام لگارہا ہے۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ آئی جی ایف سی کو بتائیں کہ لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتے،بلوچستان کا سب سے اہم اور بڑا مسئلہ لاپتہ افراد کا ہے، کسی بھی کیس میں پیش رفت نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بلوچستان میں ایف سی کے جن افسران کے خلاف کیس ہیں ان کو بلائیں ،ایف سی افسران کو بلائیں گے تو پھر یہ خود بندوں کو لے کر آئیں گے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اس غیرسنجیدگی کی جو قیمت ادا کرنا پڑے گی انھیں شاید اس کا اندازہ نہیں ہے۔