16 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 19:12
سید اویس مظفر کاٹھٹھہ میں ایک اور ضلع بنانے کا اعلان
جیو نیوز - کراچی…وزیر بلدیات سندھ سید اویس مظفر نے ٹھٹھہ میں ایک اور ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی ایک نیا ضلع بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ہاوس کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں کو 24 نئی ایمبولنسز دینے کی تقریب ہوئی،اس موقع پرآئی آئی چندریگر روڈ پر شہید بے نظیر بھٹو فلائی اوور اور شاہراہ فیصل پر نصرت بھٹو فلائی اوور کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ میڈیا سے گفت گو میں وزیر بلدیات سندھ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹھٹھہ میں نیا ضلع بنانے کی اُصولی منظوری دے دی ہے۔ جبکہ بلدیاتی نظام میں ترامیم کے لئے اسمبلی میں جا رہے ہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کراچی میں جاری پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں پر نوے فیصد جماعتوں نے حمایت کی ،اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی ایک نیا ضلع بنایا جا رہا ہے۔اِس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایاکہ کراچی میں پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ، کچھ دہشت گرد زیر زمین اور کچھ بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ سندھ میں کیپٹن صرف ایک ہے اور وہ ہیں وزیر اعلیٰ سندھ ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں منتخب حکومت ہے گورنر راج کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔