17 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 18:18
پاکستان میں 58 فی صد گھرانے غذائی بحران کا شکار،سروے رپورٹ
جیو نیوز - اسلام آباد …قومی غذائی سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 58.1 فی صد گھرانے غذائی بحران کا شکار ہیں ،جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کا کہنا ہے کہ غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے صوبوں کو غذائی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اسلام آباد میں قومی غذائی سروے 2011 رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہاگیاہے کہ پاکستان میں پانچ سال کی عمر کے 43.1 فی صد بچے غذائی کمی کے باعث قد میں چھوٹے ہیں،ان میں 62 فی صد بچے خون کی کمی کا شکار ہیں جبکہ صرف 52 فی صد ماوٴں کا وزن نارمل ہے۔14.1 فی صد مائیں کمزور اور 33.9 فی صد ماؤں کاوزن زیادہ ہے۔ بڑی عمر کے 54 فیصدافراد ایسے ہیں جن کاوزن نارمل نہیں۔ یعنی 15اعشاریہ 8 فیصدکمزور ،24اعشاریہ 2فیصدکاوزن زیادہ ہے جبکہ 14فیصدبہت موٹے ہیں ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاکہ ملک میں غذائی قلت تشویش ناک ہے ، غذائی قلت پرقابوپانے کیلئے ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے صوبوں کو غذائی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔