17 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:12
القاعدہ سے تعلق پر انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور سے دو افراد گرفتار
جیو نیوز - لاہور…لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے دو افراد کو القاعدہ سے تعلق کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔ تاہم یو ای ٹی کے وائس چانسلر نے اس قسم کے کسی بھی واقعہ کی سختی سے تردید کی ہے۔انٹیلی جنس اہلکاروں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پر چھاپہ مارا۔ وہاں سے دو افراد کو حراست میں لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔حراست میں لئے گئے افراد پر القاعدہ سے روابط کے الزامات ہیں۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق دونوں کو پنجاب یونیورسٹی سے گرفتار افراد کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا۔یو ای ٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ یو ای ٹی کے کسی طالب علم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، ان کے ادارے میں ہر قسم کی سیاسی اور عسکری سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہے۔ یونیورسٹی کا اپنا سیکیورٹی نظام ہے، کسی بھی غیر متعلقہ طالبعلم یا بیرونی عناصر کو ٹھہرنے کی اجازت نہیں، گرفتاری کی خبر ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔