تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 14:43

سپریم کورٹ کامیجرمعین،سیف اور وحید ملتانی کوتفتیش کیلئے پیش کرنیکا حکم

جیو نیوز - اسلام آباد…سپریم کورٹ نے صوبوں کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حتمی رپورٹ پیر 23ستمبر تک اور لاپتہ افراد کے حوالے سے وفاق، آئی جی ایف سی، خفیہ اداروں اور صوبائی حکومت کو 10روز میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔بلوچستان بے امنی اور لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی،سپریم کورٹ کے ریمارکس تھے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے ایف سی، ایجنسیاں اور وزارت دفاع تفتیشی حکام سے کوئی تعاون نہیں کررہے، اس سے قبل سپریم کورٹ نے آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس، سیکرٹری دفاع کو بھی نوٹسز جاری کئے کہ میجر معین، میجر سیف اللہ اور ایف سی کے عبدالوحید ملتانی کو فوری طور پر تحقیقاتی اداروں کے حوالے کیاجائے،انہوں نے لاپتہ افراد کے حوالے سے فہرستوں کی دوبارہ چھان بین کرنے کی بھی ہدایت کی، چیئرمین ایف بی آر نے بلوچستان میں کسٹم اور اسمگلنگ کے حوالے سے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی تو چیف جسٹس کے ریمارکس تھے کہ یہ معاملات ذاتی کوششوں سے بہتر ہوں گے، ایسا ایک دن میں نہیں ہوگا ،ان کا یہ بھی کہناتھا کہ اگر ان افسران کی دلچسپی ہو تو روزانہ 2سو گاڑی کھاد اور لائیواسٹاک اسمگل نہ ہو، یہاں سے بہت کچھ جاتا ہے اور وہاں سے بھی بہت کچھ آتا ہے، ٹرکوں میں گاڑیاں، ٹائر، جنریٹراور الیکٹرونکس کی اشیاء آرہی ہیں، کوئٹہ اور پنجگور میں سرعام اسلحہ اور پٹرول مل رہاہے،کیا آپ کے لوگ آپ کو نہیں بتائیں گے؟ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں مخلوط حکومت ہے، 2 دن میں بیٹھ کر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیں گے، جس پر چیف جسٹس کے ریمارکس تھے کہ ہم نے آپ کو مجبور نہیں کیا، یہ قانون کہتا ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہناتھا کہ وفاقی حکومت کیساتھ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس ہے، اس میں فیصلہ کرلیں گے، اس پر چیف جسٹس کا کہناتھا کہ یہ صوبوں کا معاملہ ہے، اس میں وفاقی حکومت کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں،بعد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.