20 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 10:44
لاہور ہائیکورٹ میں بلدیاتی بل کیخلاف دائر درخواستوں کی سماعت
جیو نیوز - لاہور … چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے بلدیاتی بل کیخلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ صرف پنجاب میں ہی غیرجماعتی الیکشن کیوں کرائے جا رہے ہیں ۔ پنجاب اسمبلی میں منظور کئے گئے بلدیاتی بل کو تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، ان کا موٴقف ہے کہ پنجاب اسمبلی میں منظور کئے گئے بلدیاتی بل کی متعدد شقیں آئین سے متصادم ہیں جبکہ غیرجماعتی انتخابات بھی آئین کی روح کے منافی ہیں ۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے استفسار کیا کہ پنجاب میں کب بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے اور صوبے میں غیرجماعتی انتخابات کیوں کرائے جا رہے ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ ملک سے باہر ہیں ان کی واپسی کے بعد 23 ستمبر کو اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخ اور جماعتی یا غیرجماعتی کا فیصلہ کیا جائیگا ۔ کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔