تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 13:8

سپریم کورٹ: پروین رحمان قتل کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

جیو نیوز - اسلام آباد … سپریم کورٹ نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے کراچی میں قتل کی تحقیقات عدالتی کمیشن سے کرانے کیلئے دائر ہیومن رائٹس کمیشن سمیت 12 تنظیموں کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلیں۔ سپریم کورٹ اسلام آباد میں جسٹس تصدق حسین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گزشتہ روز درخواستیں قابل سماعت ہونے سے متعلق حکم جاری کیا۔ عدالت نے فریقین کی جانب سے پروین رحمان کے قتل کی جوڈیشل کمیشن سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ تسلیم کرلیا۔ سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان سمیت 12 تنظیموں نے درخواستیں دائر کی تھیں جن پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگاتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ درخواست گزاروں کے وکیل کامران شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قاتلوں کو سیاسی سرپرستی حاصل ہے اور تاحال ملزمان آزاد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود شفاف اور غیر جانبدارانہ تفتیش نہیں کی گئی اور نہ ہی واقعے سے متعلق شواہد جمع کرنے میں سنجیدہ کوششیں کی گئیں۔ کامران شیخ کا مزید کہنا ہے کہ پروین رحمان کے قتل کی شفاف، غیر جانبدار اور اطمینان بخش تحقیقات کیلئے عدالتی مداخلت ضروری ہے تاکہ شہریوں کا انصاف پر اعتماد بحال ہوسکے۔ واضح رہے کہ پروین رحمان کو 6 ماہ قبل کراچی کے علاقے بنارس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.