21 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 6:37
وزیراعظم نے چےئرمین نیب کیلئے جسٹس اعجاز چوہدری کا نام تجویز کیا ، خورشید شاہ
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم نواز شریف سے قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کی ملاقات میں چیئرمین نیب کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے جسٹس(ر) اعجاز چوہدری کا نام تجویز کیا ہے، اس پر غور کریں گے۔ چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے وزیراعظم نوازشریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان آج پھر ملاقات ہوئی۔یہ ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی۔ملاقات کے دوران وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی موجود تھے،قائد حزب اختلاف اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں چیئرمین نیب کے تقررکیلئے ناموں پر مشاورت ہوئی تاہم کسی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا۔قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے چیئرمین نیب کے تقرر پر مشاورت کیلئے گزشتہ روز بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں جسٹس ریٹائرڈ میاں اجمل کا نام دیا تھا۔ بعد ازاں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین نیب کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے، آج وزیر اعظم نے چےئرمین نیب کیلئے جسٹس(ر) اعجاز چوہدری کا نام تجویز کیا جس پر غور کریں گے۔ واضح رہے کہ آئین کے تحت چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے وزیراعظم کی قائد حزب اختلاف سے مشاورت لازمی ہے۔