21 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 9:2
پاکستان نے افغا ن طالبان رہ نما ملابرادر کو رہا کردیا، خبر ایجنسی
جیو نیوز - اسلام آباد…پاکستان نے اہم افغان طالبان رہنما ملا عبد الغنی برادر کو رہا کردیا۔ترجمان وزارت داخلہ عمر حامدنے غیرملکی میڈیا سے گفتگو میں رہائی کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ملا عبد الغنی برادر کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا، افغان طالبان رہنماکوافغانستان کے حوالے نہیں کیاجائے گا۔ اس حوالے سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رہنما ملا برادر کی رہائی کا اصولی فیصلہ تو ہوچکا تھا تاہم ان کی نقل و حرکت سے متعلق قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دی جا رہی تھی، انہیں افغان مصالحتی عمل میں مزید آسانیاں بہم پہنچانے کیلئے رہاکیاگیا۔ سرتاج عزیزنے واضح کیا کہ ملابرادرکوافغانستان کے حوالے نہیں کیاجائے گا، ان کی مرضی ہوگی وہ جہاں چاہیں رہیں تاہم غیرملکی خبرایجنسی نے ایک پاکستانی عہدیدار اور طالبان ذرائع سے انکشاف کیا ہے کہ ملابرادر رہائی کے بعدکراچی میں اپنی فیملی کے ساتھ ہی رہیں گے۔ خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملابرادرکو افغانستان کی بجائے سعودی عرب یاترکی کے حوالے کیا جائے گا تاہم حکومت پاکستان نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ دوسری جانب افغانستان نے طالبان رہنما ملا برادر کی رہائی کو خو ش آئند قرار دیا ہے۔ ملا عبد الغنی برادر افغان تحریکِ طالبان کے بانیوں میں سے ہیں، وہ ملا عمر کے نائب کے طورپر فرائض انجام دیتے رہے ہیں، ملا عبد الغنی برادر کو 2010ء میں کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔