21 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 11:11
گوجرانوالہ:فیس بک پر محبت کا جھانسہ دیکر نوجوانوں کو اغواء کرنیوالا گروہ گرفتار
جیو نیوز - گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں فون اور فیس بک پر محبت کا جھانسا دے کر نوجوانوں کو اغواء کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا، پولیس اہلکار، ایس ایچ او کا بیٹا، 2 وکیل اور خاتون شامل ہیں، تاوان کی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق فون اور فیس بک پر محبت کا جھانسا دے کر نوجوانوں کو اغواء کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان میں ایک خاتون اور اس کے چار ساتھی شامل ہیں۔ سی پی او کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک پولیس اہلکار اورحاضر سروس ایس ایچ او کا بیٹا بھی شامل ہے جبکہ دیگر دو افراد وکیل ہیں، ملزمان نے اغواء کی 2 وارداتوں میں 17 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سول لائنز خرم شعیب نے بتایا کہ واردات کا نشانہ بننے والوں کو انتہائی مشکل سے کارروائی کیلئے تیار کیا، جس کے بعد پولیس نے خاتون اور اس کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان میں خاتون شزا، اس کا شوہر عدیل، عامر اور دیگر دو افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی محکمے اور ادارے میں کالی بھیڑیں اور مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے افراد ہوسکتے ہیں، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار اور ایس ایچ او کا بیٹا بھی ملوث ہے۔ نمائندہ جیو نیوز شفقت عمران سے گفتگو کرتے ہوئے ملزمہ شزا نے بتایا کہ میں نے صرف فون پر ایک بار بات کی تھی ، دیگر کام میرا شوہر اور اس کے ساتھی کرتے تھے، تاوان کی رقم وصول کرنے کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ سوات اور کاغان گھومنے گئی۔