تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:55

عالمی استعمار کا سرپرست امریکا سب سے بڑا شیطان ہے، علامہ ناصر عباس

جیو نیوز - کراچی …مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ مبارزہ کی کامیابی یا ناکامی کا دارومدار اس قیام کا راہِ خدا یا راہِ شیطان میں ہونا ہے، ہمارا قیام فقط الٰہی اصولوں کے تحت رضائے الٰہی کے حصول کیلئے ہے، آئمہ کفر کے مقابلے میں مبارزہ تاقیامت جاری رہیگا، ہمیں پاکستان میں عالمی استعماری و استکباری طاقتوں کی بغل بچہ حاکم سیاسی جماعتوں کا بھی مقابلہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے تحت مسجد و امام بارگاہ مدینہ العلم، گلشن اقبال میں منعقدہ ”معرفت خط امام خمینی (رہ) سیمینار“ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے علامہ مختار احمد امامی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت کے کارکنان اور ذمہ داران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ قربانیاں و مشکلات اٹھانے والے کامیاب ہوتے ہیں، ہمارے قیام، ہماری تمام تر فعالیت کا مقصد فقط اور فقط الٰہی اصول و ضوابط کے تحت رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہئیے، ہمارے حکمران، سیاسی جماعتیں قیام کرتی ہیں مگر انکا قیام دنیا پرستی کیلئے ہوتا ہے جبکہ راہ خدا میں مبارزہ کرنے والوں کے اہداف و طریقہ کار ان دنیا پرستوں سے یکسر مختلف ہوتے ہیں۔ہماری ذمہ داری اپنے کردار کی ادائیگی ہے، امریکا کو، عالمی استعمار کو شکست ہو یا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس شرط پر قیام نہیں کر رہے کہ غالب آنا ہے، نہیں بلکہ ہمیں اپنا وظیفہ انجام دینا ہے ۔انھوں نے کہا کہ تھر پارکر میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور موئن جو دڑو میں اربوں روپے رقص و سرور کی محافل میں اڑا دئیے جاتے ہیں، یہی استعماریت و استکباریت ہے۔ علامہ مختار احمد امامی نے کہا کہ حضرت امام خمینی نے پروردگار عالم سے جو عہد و پیمان باندھا تھا اور اس کی راہ میں جو عظیم جدوجہد کی وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.