9 اپریل 2014
وقت اشاعت: 19:51
اسلام آباد بم دھماکا، سیاسی شخصیات کی سخت مذمت
جیو نیوز - اسلام آباد … سبزی منڈی بم دھماکے کی سیاسی شخصیات نے سخت مذمت کی ہے۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کسر نہیں چھوڑیں گے جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ بے گناہ شہریوں کوخاک وخون میں نہلانے والے پاکستان اورانسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کیلئے اب پاکستان میں زمین تنگ ہورہی ہے، لوگوں کی جان سے کھیلنے والے اب بچ نہیں سکتے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ اسلام آباد دھماکامذاکرات کا ڈھول پیٹنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے،اگردھماکوں میں طالبان ملوث نہیں تو پھر ان سے مذاکرات کیوں کیے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا کہ چند ہفتوں میں دہشت گردی کی دوسری کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوگئی۔