11 اپریل 2014
وقت اشاعت: 5:26
چیف جسٹس ،کراچی میں شیعہ نسل کشی کا فوری نوٹس لیں،علامہ مبشر حسن
جیو نیوز - کراچی …مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ چیف جسٹس تصدق جیلانی کراچی میں شیعہ نسل کشی کا فوری نوٹس لیں، گزشتہ 48گھنٹوں میں دو شیعہ ڈاکٹرز ،ایک وکیل سمیت 3تاجروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کریں ،ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کے دہشتگری روکنے کے دعوے کھوکھلے ہیں، شیعہ نسل کشی میں ملوث دہشتگردوں کی عدم گرفتاری قانون نافذ کر نے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ڈاکٹر قاسم عباس کی نماز جنازہ کے موقع پر کیا۔ علامہ مبشر کا کہنا تھا کہکراچی کے مکین اپنے ہی شہر میں غیر محفوظ ہیں،معاشی حب کراچی میں دہشتگردی و انتہا پسندی غیر ملکی ایماء پر کالعدم گروہوں کے ذریعہ کی جارہی ہے، شہر میں حکومت نام کی کوئی شہ نہیں ، کراچی کے حالات کی اصل ذمہ داری موجود نا اہل وفاقی و صوبائی وزراء پر عائد ہوتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں، ایک طرف تو حکمران مذاکرات کے نام پر طالبان دہشتگردوں کو دوبارہ منظم کر رہے ہیں تو دوسر ی جانب معاشی حب کراچی میں روزانہ مظلوم لوگوں کو موت کی نیند سلایا جا رہا ہے، حکومت سندھ ،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے افراد کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان و سندھ ہائی کورٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نا اہل وزراء کے خلاف کاروائی کریں تاکہ شہر کو دہشت گردوں کی آماجگاہ بننے سے بچایا جاسکے ۔