13 اپریل 2014
وقت اشاعت: 12:31
مذاکرات کل دوبارہ شروع ہونے کا امکان، مزید10 طالبان رہا کیے جائینگے
جیو نیوز - اسلام آباد…حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کل سے دوبارہ شروع ہونے کاامکان ہے ، طالبان کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ غیر معینہ جنگ بندی کی طرف قدم اٹھائیں گے۔حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات ایک تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہونے جارہے ہیں۔ طالبان کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ کاکہنا ہے کہ طالبان کے تمام گروپ مذاکرات کے حامی ہیں ، ان میں کوئی گروپ بندی نہیں اور سب ایک ہی چھتری تلے اکٹھے ہیں۔ مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں غیرمعینہ جنگ بندی کی طرف قدم اٹھائیں گے۔ حکومت اورطالبان سے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران مسائل باضابطہ ایجنڈے میں رکھیں تاکہ ان کے حل کے لئے کوششیں کی جائیں۔دوسری طرف حکومت کی طرف سے مزید 10 طالبان رہا کیے جانے کاامکان ہے ، حکومت پہلے ہی 19 طالبان کورہا کرچکی ہے ، جبکہ طالبان کی طرف سے اب تک کسی غیر جنگی قیدی کو رہا نہیں کیا گیا۔