15 اپریل 2014
وقت اشاعت: 2:5
نئی بھارتی حکومت سے بہترتعلقات استوار کریں گے،پاکستان
جیو نیوز - نئی دلی…نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت کی نئی حکومت سے پاکستانی حکومت بہتر تعلقات استوار کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ بھارتی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ بھارت میں آئندہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کو کھلے دل سے پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو ماضی بھلا کر باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی ہوگی، دونوں ممالک کو تعلیم ، غربت اور دہشتگردی جیسے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، دونوں ملکوں میں باہمی تجارت کوفروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں ، ان کاکہناتھا کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلتیں۔ حکومت پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ دہشتگردی کے مسائل سے نجات حاصل کرکے ملک میں کرکٹ کو بحال کیا جائے۔ ممبئی حملوں سے متعلق سوال پر عبدالباسط نے کہا کہ جس طرح سمجھوتا ایکسپریس کی تحقیقات بھارت میں عدالتی عمل کے تحت کی جارہی ہیں۔ ممبئی حملوں کی تحقیقات پاکستان میں عدالتی عمل کے تحت کی جارہی ہیں اور حکومت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ بھارت کو مثبت نتائج کے لیے صبر سے کام لینا ہوگا۔