تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 اپریل 2014
وقت اشاعت: 7:26

الطاف حسین کے بیان پر آئی جی سندھ نے نوٹس لے لیا

جیو نیوز - کراچی… متحدہ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی جی سندھ،ڈی جی رینجرزبیگناہ کارکنوں کی گرفتاریوں کانوٹس لیں، کراچی میں ڈیتھ اسکواڈکی غیرقانونی سرگرمیاں فوری روکی جائیں۔ آئی جی سندھ نے بیان کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے ڈی آئی جی کراچی شاہد حیات، آئی جی سندھ اقبال محمود اور ڈی جی رینجرز جنرل رضوان اختر سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنوں اوران کے اہل خانہ کی گرفتاریوں کا نوٹس لیں اور لاپتا کارکنوں کو فوری بازیاب کرائیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جو اہلکار اس غیرقانونی عمل میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور کراچی میں سرگرم عمل ڈیتھ اسکواڈ کی غیرقانونی سرگرمیاں فوری روکی جائیں۔ ادھر متحدہ کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں کارکنوں اور پروفیشنل افراد کی گرفتاریوں اور قتل پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا۔ دوسری جانب الطاف حسین کی جانب سے پولیس کے ڈیتھ اسکواڈ کے بیان پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ اگر کوئی اہلکار کسی بھی غیرقانونی عمل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.