16 اپریل 2014
وقت اشاعت: 20:15
ایف ڈی ایس ایس تعلیمی نظام کو موثر اور بہتر بناسکتا ہے، پروین راؤ
جیو نیوز - کراچی…اعظم علی… عملِدانش سوسائٹی کی صدر پروین راؤ نے کہا ہے کہ چار جہتوں پر مشتمل فورڈائمنشنل اسکول سسٹم (ایف ڈی ایس ایس) ملک کے تعلیمی نظام کو بے پناہ موثر اور بہتر بناسکتا ہے۔ وہ کراچی پریس کلب میں اس تعلیمی نظام کی تعا رفی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس انقلابی نظام کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے چار مختلف جہتوں میں پہلی (ریگولر اسکول ) دوسری (فاسٹ ٹریک اسکول) تیسری ( کمیو نٹی تعلیم) اور چوتھی (ٹیچرز ٹرینگ اینڈایجوکیشن سپورٹ)تعلیم فراہم کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں جن میں ریگولر تعلیم، فاسٹ ٹریک تعلیم، کمیونٹی کی خواندگی اور اساتذہ کی ٹریننگ اور بہتر تعلیم کا پروگرام شامل ہیں۔ پروین راؤ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فور ڈائمنشنل اسکول سسٹم کے ذریعے کم خرچ اور کم وقت میں بے شمار اسکولوں کو چومکھی تعلیم گاہوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے اور ہزاروں تربیت یافتہ اساتذہ تیار کرنے اور پھر ان اساتذہ کے ذریعے لاکھوں طالب علموں کو معیاری تعلیم دینے کا کام آسانی سے انجام پاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمل دانش سوسائٹی نے ادیبوں، دانشوروں اور صحافیوں کے ساتھ مل کر یہ نیا قدم اٹھایا ہے اور ہم اسکولوں کو اس نظام کے تحت بہتر بانے کیلئے انتظام کاری اور اساتذہ کی ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں۔ پروین راؤ نے کہا کہ کراچی میں تیسر ٹا ون کے علاقے اور لاہور میں کالا شاہ کاکو کے علاقے میں ایف ڈی ایس ایس اسکول کام کر رہے ہیں جبکہ کشمیر، سرگودھا اور دیگر علاقوں میں عمل دانش سوسائٹی کے اسکولوں کو بھی فور ڈائمنشنل اسکول بنانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منفرد اسکول سسٹم 18سال کی محنت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے اور اسے ملک کے مختلف علاقوں میں آزمایا جاچکا ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر معروف صحافی اور ادیب بھی موجود تھے جن میں انور سن رائے، اخلاق احمد، عذرا عباس، روزی تنویر، عالیہ اخلاق اور دیگر ایگزیکٹو ارکان شامل ہیں۔