17 اپریل 2014
وقت اشاعت: 0:18
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا عالمی ایام عظمتِ نسواں“ منانے کا اعلان
جیو نیوز - اسلام آباد…تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سیکر ٹری جنرل سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی خصوصی ہدایت پر دختر رسول حضرت بتول کی ولادتِ پُرنور کے سلسلے میں 18تا20جمادی الثانی ”عالمی ایام عظمتِ نسواں “ منانے کا اعلان کیاہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حضرت فاطمہ زہرا خواتین عالم کی نجات دہندہ ہیں جنہیں لازوال عزت و تکریم عطا کرکے رسول خدا نے خواتین کی تذلیل کے فسوں کو توڑ ڈالا۔ شیطانی قوتوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے امتِ مسلمہ کو خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے بتائے ہوئے راستے پر چلناہوگا جن کے پدرِ بزرگوارختمی مرتبت کی سیرت کی عملی پیروی بڑے سے بڑے طاغوت کی موت ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمنوں سے نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے جن کے ایجنٹ و آلہ کار کالعدم گروپ دندناتے پھر رہے ہیں اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں لیکن سنی شیعہ باہمی اتحاد و اخوت کیساتھ ان کی سازش کو ہمیشہ کی طرح اب بھی ناکام کر دیں گے ۔مظہر علی شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ممنوعہ گروپوں کےء جلسوں جلوسوں میں لگائے جانے والے تکفیری نعروں اور توہین آمیز سرگرمیوں پر پابندی عائدکرے جن کا ویڈیو اور آڈیو ریکارڈ خفیہ ایجنسیوں کے پاس محفوظ ہے ۔دریں اثناء عالمی ایام عظمتِ نسواں کے پروگراموں کو منظم و مرتب کرنے کیلئے ٹی این ایف جے کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کا کنوینر ایس ایم رضوی کو نامزدکیا گیا ہے جبکہ ایم ڈی حیدری اورسید جون علی مشہدی کمیٹی کے ڈپٹی کنونیراورسیکرٹری جبکہ شعبہ خواتین کی کنوینر و سیکرٹری پروفیسر غلام صغری ملک اوربیگم حسنی ہوں گی ۔