21 اپریل 2014
وقت اشاعت: 7:14
حامد میرپرحملے کی تحقیقات حکومت کیلیے ٹیسٹ کیس ہے،آفتاب شیرپاوٴ
جیو نیوز - کوئٹہ…قومی وطن پارٹی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاوٴ نے کہا ہے کہ حامد میر پر حملے کی تحقیقات حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے،ان پر حملے میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایاجائے۔کوئٹہ میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں آفتاب شیرپاوٴ کا کہنا تھا کہ حامد میر پر حملہ قابل مذمت ہے،وہ بین الاقوامی سطح کے صحافی ہیں، ان پر حملہ سے پوری دنیا میں صحافت کے حوالے سے ملک کا تاثر خراب ہوا ہے۔حامد میر پر حملے کے بعد پوری قوم تشویش کا شکار ہے، آفتاب شیرپاوٴ کا یہ بھی کہنا تھا کہ حامد میر کے بھائی کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں، حکومت کا فرض ہے کہ ان کی جلد تحقیقات کرائے،ان کا کہنا تھا کہ یہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج تک جتنے بھی صحافیوں کا نشانہ بنایاگیا ان میں سے ایک کے بھی ملزمان کا سراغ نہیں لگایاجاسکا، تاہم حامد میر پر حملہ حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے اس میں جو بھی ملوث ہے ان تک حکومت کو پہنچنے میں دیر نہیں لگانی چاہئے۔