تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 اپریل 2014
وقت اشاعت: 11:47

جنگ گروپ نے کسی ادارے یا کسی ادارے کے حصے پر الزام عائد نہیں کیا

جیو نیوز - کراچی…جنگ گروپ نے واضح کیا ہے کہ وہ دل کی گہرائی سے افواج پاکستان کی عز ت کرتاہے اور اس نے کسی ادارے پر یا کسی ادارے کے حصے پر الزام عائد نہیں کیا۔ ادارہ مضبوط پاکستان کیلیے آزادی اظہار کا اپنا قانونی اور آئینی حق استعمال کرنا جاری رکھے گا۔ حامد میر پر حملے کے تناظر میں اپنا موقف بیان کرتے ہوئے جنگ گروپ نے کہا ہے کہ جنگ گروپ تمام اداروں کی قدر اور عزت کرتاہے۔ جنگ گروپ نے کسی ادارے یا کسی ادارے کے حصے پر الزام عائد نہیں کیا اور الزام ثابت ہونے تک تمام افراد کو معصوم تصور کرنا چاہیے۔ جنگ گروپ کیسی تحریص اور خوف کے بغیر آزاد اور شفاف تفتیش کا مطالبہ کرتا ہے۔ مشکل وقت میں اپنی ٹیم ارکان کی پشت پناہی کرتے رہنا جنگ کی تاریخ کا حصہ ہے خواہ اس کے لیے کتنی ہی مالی یا کسی اور قسم کی قربانیاں دینا پڑیں۔ جنگ گروپ کیلیے یہ بات نئی نہیں کہ اس کی آزادانہ پالیسی کے باعث اس کے خلاف سنگین الزامات لگائے جاتے رہے جن کا مناسب جواب دیا گیا۔ مگرجنگ گروپ کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ حامد میر نے اپنے ساتھی کارکنوں ، اہل خانہ اور احباب کو تحریری اور وڈیو بیانات بھیجے جس میں انہوں نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات اور دھمکیوں کی واضح نشاندہی کی تھی۔ حامد میر دو ٹوک انداز میں کہ چکے ہیں کہ سیکورٹی ایجنسی میں کچھ افراد خاصے عرصے سے ان کے پیچھے پڑے ہیں ، اسی متعلق حامد میر کے بھائی اور تفتیشی صحافی عامر میر کے بھائی کے بیان کو شایع اور نشر کیا گیا جبکہ صحافتی اقدار کے مطابق اس معاملے پر آئی ایس پی آر کے ذریعے آئی ایس آئی کا نقطہ نظر بھی پیش کیا ہے۔ جنگ گروپ اس امر کو بھی ریکار ڈپر لانا چاہتا ہے کہ آئی ایس آئی مسلسل اور سختی کے ساتھ گروپ کے سینئر صحافیوں اور بالخصوص حامد میر کے حوالے سے سینئر ایڈیٹروں سے شکایت کررہی تھی۔ جنہیں بہت سی چیزوں کے ساتھ وقت آنے پر ثابت کیا جاے گا۔ جنگ گروپ دو ٹوک انداز میں واضح کرتاہے کہ ہمارا میڈیا گروپ نہ صرف دل کی گہرائیوں کے ساتھ افواج پاکستان کی عزت کرتا ہے بلکہ ایک مضبوط پاکستان کیلیے آزادی اظہار کا اپنا قانونی اور آئینی حق استعمال کرنا جاری رکھے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.