22 اپریل 2014
وقت اشاعت: 3:57
حامد میر پر حملہ، ملک بھر میں صحافی تنظیموں کا احتجاج
جیو نیوز - کراچی…حامد میر پر حملے کے خلاف ملک بھر میں صحافی تنظیموں نے احتجاج ور مظاہرے کیے،مظاہرین نے حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔مظاہروں میں صحافتی تنظیموں کے علاوہ سول سوسائٹی اور سیاسی ر ہنماوٴں نے بھی شرکت کی۔بچوں اور خواتین سمیت عوام نے حامد میر کی جلد صحت یابی کیلیے دعائیں کیں۔جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف کراچی میں ٹیم جیو نے احتجاجی مظاہرہ کیا،جس میں صحافیوں، صحافتی تنظیموں کے عہدے داروں ، سول سوسائٹی اور سیاسی رہنما بھی شامل ہوئے ۔ کراچی میں ٹیم جیو نے اپنے ہردل عزیز اور بہادر ساتھی حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف اور ان سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا۔ ٹیم جیو کے ارکان کراچی پریس کلب سے باہر آئے تو صحافی برادری پی ایف یو جے اور کے یوجے کے رہنما وٴں کے ہمراہ ان کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوگئی۔حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف مظاہرے میں سول سوسائٹی کے ارکان کے علاوہ ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق اور رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل بھی شریک ہوئے۔ حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک گیر مظاہرے ہوئے۔ چیئرنگ کراس لاہور میں احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔مظاہرے کے اختتام پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری عامر سہیل نے قرار داد پیش کی کہ جیو اور جنگ سمیت کسی بھی ادارے پر آزادی اظہار کے حوالے سے قدغن یا پابندی قبول نہیں کی جائے گی۔اس کے علاوہ بدین، دادو اور دیگر شہروں کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی احتجاج کیا گیا۔