22 اپریل 2014
وقت اشاعت: 5:35
تفتیش میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائے گی،وزیراعظم ، حامد میر سے ملاقات
جیو نیوز - کراچی…قوم کی دعائیں رنگ لے آئیں جیو کے اینکر اور سینئر صحافی حامد میر کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے،آئی سی یو سے کمرے میں منتقل بھی کردیا گیا، وزیراعظم بھی عیادت کیلئے پہنچے،حامد میر نے انہیں واقعے کی تفصیل بتائی،وزیر اعظم کہتے ہیں کہ حملے کی تفتیش میں کوئی کسرنہیں چھوڑی جائیگی،کمیشن کی رپورٹ کومنظرعام پرلایاجائیگا۔حامد میر کوطبیعت میں بہتری اورمکمل ہوش میں آنے کے بعد اسپتال کے پرائیوٹ روم میں منتقل کردیا گیاہے۔حامد میر کی عیادت کے لیے وزیراعظم میں محمد نواز شریف اسلام آباد سے کراچی آئے، اسپتال میں جیوٹی وی کے نائب صدرڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور کراچی میں جیو نیوز کے بیورو چیف فیصل عزیزخان نیوزیراعظم کا استقبال کیااور انہیں حامد میر کی طبیعت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے حامد میر کے کمرے میں جاکر ان کی عیادت کی۔حامد میر نے بات کرنے کی کوشش کی ،جس پر ڈاکٹروں نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے انہیں بات کرنے سے منع کردیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی ٹیم ہر گھنٹے بعد حامد میر کا معائنہ کررہی ہیں۔ حامد میر کی ران میں تاحال 3 گولیاں پیوست ہیں جن کو نکالنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔حامد میر کی عیادت کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حامد میر پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والا جوڈیشل کمیشن خودمختار ہوگا اور اس کی تحقیقاتی رپورٹ بھی منظر عام پر لائی جائے گی۔ وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے کہا کہ حامد میر پر قاتلانہ حملہ افسوس ناک واقعہ ہے، موثر تفتیش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بات ہوئی ہے۔جلد حامد میر پر حملے میں ملوث ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔