22 اپریل 2014
وقت اشاعت: 13:59
اداروں کے درمیان کوئی تناوٴ تھا ہی نہیں ، وزیر اطلاعات
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان کوئی تناوٴ تھا ہی نہیں ، قومی ادارے دلیل سے بات کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام ادارے محترم اورسب کا وجود اہم ہے، میڈیا کے ساتھ عشق اور قومی سلامتی کے اداروں سے ایمان کا رشتہ ہے، آئی ایس آئی پر الزام کوئی ایشو نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر ادارہ آئین میں لکھے ہوئے اپنے کردار کے مطابق کام کر رہا ہے، گزشتہ 5 سال میں تمام اداروں نے قومی ایجنڈے پر کوئی اختلاف نہیں کیا، تمام اداروں نے مل کر جمہوریت کے لیے کام کیا، اسی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر رہا ہے، ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کیلئے اب بھی تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک مذاکراتی عمل کا حصہ ہے، مذاکرات میں آگے بڑھ رہے ہیں، جلد پیش رفت ہو گی۔ پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے خود جا کر حامد میر کی عیادت کی۔ سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے ایک شہرسے دوسرے شہر جانے سے فرق نہیں پڑتا،کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ایک ہی قانون ہے اور قانون کی گرفت ہر جگہ موجود ہے۔