22 اپریل 2014
وقت اشاعت: 20:8
گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی کے خاتمے کے خلاف دھرنے جاری
جیو نیوز - گلگت…گلگت بلتستان کے عوام ایکشن میں ہیں، گندم پر سبسڈی کے خاتمے کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر 8 روز سے مسلسل دھرنوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔گلگت بلتستان میں گندم پر سبسڈی کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں تیزی آگئی ہے۔ اسکردو، گلگت، استور، دیامر، ہنزہ نگر اور غذر سمیت گلگت بلتستان کے ساتوں اضلاع میں 8 روز سے دھرنوں اور مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے۔ اسکردو میں یادگار شہداء اور گلگت میں مرکزی دھرنے دیے جارہے ہیں جہاں ہزاروں افرادجمع ہیں۔ دھرنوں میں شرکت کیلیے مضافاتی علاقوں سے بھی قافلے شامل ہورہے ہیں۔ غذر میں ضلعی ہیڈکوارٹر گاہکوچ سمیت 4 مختلف مقامات پر دھرنے دینے والے مظاہرین عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر قافلوں کی صورت گلگت کے مرکزی دھرنے میں شرکتکیلئے روانہ ہوگئے۔ صوبائی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبے پر تمام سرکاری اسپتالوں سے فیسوں کی وصولی روکنے کیلئے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے تاہم دیگر مطالبات اب تک منظور نہیں ہوئے۔ مظاہرین کے مطالبات میں گندم پر سبسڈی کی بحالی، لوڈشیڈنگ،کرپشن اور معدنیات پر عائد پابندیوں کے خاتمے سمیت دیگرمطالبات شامل ہیں۔