28 اپریل 2014
وقت اشاعت: 14:20
وزیراعظم کا ملکی دفاع اورسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے آئی ایس آئی کو خراج تحسین
جیو نیوز - اسلام آباد…وفاقی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصرکاتعین کرکے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔چودھری نثار کا کہناہے کہ طالبان کمیٹی پر واضح کردیاہے کہ مذاکراتی عمل کو اب نتیجہ خیزہوناچاہئے اورآئندہ مذاکراتی دور میں مکمل ایجنڈے پربات ہونی چاہئے۔وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کے بارے میں اہم اجلاس پرائم منسٹرہاوس میں ہوا۔ ڈی جی آئی ایس لیفٹنٹ جنرل ظہیرالاسلام نے امن وامان اورملکی سلامتی کی صورت حال کے بارے میں اجلاس کوبریفنگ دی،دہشت گردی کے حالیہ واقعات اوردھماکوں سے متعلق تحقیقات میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے یقین دلایا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کا تعین کیاجارہاہے ، انہیں جلدانصاف کے کٹہرے میں لاکرعوام کے سامنے بھی بے نقاب کیاجائیگا۔ وزیراعظم نوازشریف نے ملکی سلامتی اوردفاع کیلئے آئی ایس آئی کے کرداراورکوششوں کوسراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کے تحفظ کے لیے تمام ادارے مل کر کوششیں جاری رکھیں۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے طالبان کی رابطہ کار کمیٹی کے ساتھ بات چیت اور طالبان شوریٰ سے مذاکراتی حکمت عملی سے متعلق بریفننگ دی۔حکام کے مطابق وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ طالبان رابطہ کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا ہے کہ آئندہ مذاکراتی عمل میں مکمل ایجنڈے پر بات ہو نی چاہئے اوراب وقت آ گیا ہے کہ بات چیت کاعمل نتیجہ خیزبنایاجائے۔ اجلاس میں خطے کی سلامتی کے امور پرغورکے ساتھ افغانستان میں صدارتی انتخابی عمل کے بعدکی صورت حال پر بھی غور ہوا۔