تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 مئی 2014
وقت اشاعت: 1:55

افواج پاکستان آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں؛ آرمی چیف

جیو نیوز - اسلام آباد…آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان جمہوریت کے استحکام، آئین و قانون کی پاسداری اور بالادستی پر یقین رکھتی ہیں، یہی وہ واحد راستہ ہے جس پر گامزن رہ کر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں، ملک کے تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس نظام کی کامیابی کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں۔ انھوں نے یہ بات پنڈی میں یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنی تقریر میں ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے ریاست کے خلاف سرگرم عناصر کو بھی واضح پیغام دیا کہ وہ آئین کی اطاعت قبول کریں ورنہ ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔جنرل راحیل شریف نے مسئلہ کشمیر کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔آرمی چیف نے بلوچستان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس صوبے کے بیس ہزار جوانوں کی پاک فوج میں شمولیت ان کے اپنی افواج پر بھرپور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔اس موقع پر انھوں نے قومی تعمیر میں سول سوسائٹی اور میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.