1 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:40
جمعہ سے گرمی کی شدت کم ہوجائیگی ،محکمہ موسمیات
جیو نیوز - لاہور…ملک بھر میں موسم گرم اور خشک ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ سے گرمی کی شدت کم ہوجائیگی۔گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا،پنجاب اورسندھ کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کئی روز سے برقرار ہے۔نواب شاہ ،سکھر اور حیدر آباد سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 40سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے جس کی وجہ سے دن میں سڑکوں پرسناٹا رہتا ہے۔پنجاب میں بھی گرمی کا زور کم نہیں ہوا ہے۔گرمی بھگانے کے لئے لوگ نہروں کا رخ کر رہے ہیں۔ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز سے ملک میں جاری گرمی کی لہر بتدریج کم ہو جائیگی۔آج شام سے گلگت بلتستان،کشمیر ،مالاکنڈ ،ہزارہ،پشاور،کوہاٹ،راولپنڈی ،سرگودھا،فیصل آبادکوئٹہ،ژوب ،سکھراور لاڑکانہ ڈویڑن میں تیز ہواوں ،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔