2 مئی 2014
وقت اشاعت: 1:47
4کارکنوں کے قتل کیخلاف متحدہ کا آج سندھ بھر میں یوم سوگ کا اعلان
جیو نیوز - کراچی…4 کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیو ایم نے آج سندھ بھر میں پرامن یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے مختلف علاقوں میں دکانیں اور کاروبار شام سے ہی بند ہوگئے،کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ لانڈھی میں نامعلوم افراد نے بس جلا دی۔ کراچی میں بدھ کے روز میمن گوٹھ لنک روڈ کے قریب سے 4 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھیں جن کی شناخت ایم کیو ایم کے کارکنان کی حیثیت سے ہوئی۔ شناخت کے بعد بڑی تعداد میں ایم کیوایم کے کارکن سہراب گوٹھ پر واقع ایدھی سرد خانے پہنچے ۔ بعض مشتعل افراد نے ایدھی سرد خانے کے باہر ہنگامہ آرائی بھی کی۔ دوسری جانب شام ہوتے ہی نامعلوم افراد نے شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں اورپیٹرول پمپس بند کرادیئے۔ شہر میں سڑکوں پر سناٹا چھا گیا جبکہ لانڈھی 6 نمبر میں مشتعل افراد نے بس کو نظر آتش کردیا۔ یوم سوگ کے اعلان کے بعدکراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے آج ٹرانسپورٹ بند رکھنے اورآل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے تمام پرائیویٹ اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ ٹیکنیکل بورڈ اور کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں۔ میٹرک بورڈ کے تحت ہونے والے عملی امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیوایم کے کارکنوں کی لاشیں ملنے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ہاوٴس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ غیرجانبدارانہ اورشفاف تحقیقات کرکے ملزمان کو پاکستان پروٹیکشن آرڈیننس کے تحت گرفتار کیا جائے۔ آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم بھی بنادی ہے۔