تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
2 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:13

سندھ اسمبلی، متحدہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کیخلاف قرار داد منظور

جیو نیوز - کراچی…سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ ایم کیو ایم کے رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ حکومت بے گناہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا فوری نوٹس لے۔سندھ اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی کی ۔متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی نے سیاہ پٹیاں باندھ کر کارکنان کے ماورائے عدالت قتل پر احتجاج کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ بے گناہ کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔اگر کوئی ملزم ہے تو اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایوان میں قرارداد پیش کی۔ صوبائی وزیر صنعت و پیداوار روف صدیقی کا کہنا تھا، کراچی میں جنگل سے بھی بدتر قانون ہے۔خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہمیں جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنے کی سزا مل رہی ہے، اور نفرت پھیلا کر بغاوت کے لیے اکسایا جارہا ہے۔وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کارکنوں کے حوالے سے گورنر سندھ اور ایم کیو ایم کے رہنماوٴں سے بات ہوئی ہے، کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ان کی گرفتاری کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے فیصل سبزواری نے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل پر مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.