2 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:57
پشاور کے جوڑے کی مثالی محبت، 64 سال کا ساتھ
جیو نیوز - پشاور…ایک ایسے معاشرے میں جہاں عام گھرانوں میں فساد اور طلاق تک نوبت پہنچنا معمول بن چکا ہے اورصرف خیبرپختونخوا میں روزانہ 15خواتین علیحدگی کیلئے عدالت جاتی ہیں۔ ایسے میں پشاورمیں ایک جوڑا ایسا بھی ہے جو64 سال سے ساتھ رہ رہا ہے اوراب بھی ایک دوسرے سے جدائی کا تصوربھی نہیں کرتا۔ یہ ہیں پشاور کے 92 سالہ تسکین الدین اور ان کی شریک حیات 84سالہ میمونہ۔ انہیں شادی کے بندھن میں بندھے 64سال گذر چکے۔ وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ خوش ہیں اور میمونہ اس طویل اور خوشگوار رفاقت کا کریڈٹ اپنے شوہر کو دیتی ہیں۔ مسٹراورمسزتسکین کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں بیرون ملک مقیم ہیں وہ فارغ وقت میں ان کی تصویریں اورٹی وی دیکھتے ہیں، ورزش کرتے ہیں اورپودوں کوپانی دیتے ہیں۔ مسٹر تسکین تو اب بھی اپنی اہلیہ کے گرویدہ ہیں۔ مسٹرتسکین اوران کی اہلیہ زندگی کوقدرت کا خوبصورت تحفہ کہتے ہیں اوران کا کہنا ہے کہ زندگی توخوش رہنے کیلئے بھی کم ہے نہ جانے لوگ ناراضگیوں کیلئے کیسے وقت نکالتے ہیں۔ آج جب کے معاشرتی پیچیدگیوں کی بدولت ہمارے ہاں طلاق کا رجحان بڑھ رہا ہے ایسے میں ایک دوسرے کے ساتھ خوش اس جوڑے کی مثال ان بہانوں کا جواب ہے جو خاندانوں کے ٹوٹنے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔