تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:54

کامران خان نے عمران خان کا انتخابی دھاندلی میں معاونت کا الزام مسترد کر دیا

جیو نیوز - کراچی…جیو نیوز کے پروگرام آج کامران خان کے ساتھ کے میزبان اور سینئیر صحافی کامران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے جنگ گروپ، جیو نیوز اوران پر انتخابات میں دھاندلی کی معاونت کے الزام کو رد کردیا ہے۔ کامران خان کا کہنا ہے کہ عمران خان الزام لگانے سے پہلے ضرور سوچیں کہ وہ دلیل پر مبنی ہیں یا نہیں۔ کامران خان نے کہا کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ انتخابات سے متعلق پروجیکشن دینا معمول کی بات ہے اور انہوں نے جو پروجیکشن دی وہ نہ انتخابات سے پہلے تھی نہ ووٹنگ سے بلکہ انہوں نے مسلم لیگ ن کی جیت کا اشارہ ووٹنگ ختم ہونے کے چھ گھنٹے اور نصف نتائج آنے کے بعد دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ گروپ اور جیوز نیوز کے الیکشن سیل نے ملک بھر میں پھیلے اپنے نمائندوں سے مصدقہ نتائج حاصل کیے اور پھر ان کو نشر کیا، یہ نتائج جیو نیوز نے خود نہیں بنائے۔ کامران خان کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے نے بارہا تحریک انصاف کے سربراہ کو ان الزامات کو ثابت کرنے کی دعوت دی اور ایک بار پھر جیونیوز اپنی پوری الیکشن ٹرانسمیشن عمران خان کے سامنے رکھنے اور جانچنے کیلئے تیار ہے تاکہ وہ ان الزامات کو واپس لے سکیں۔ کامران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں ایک کپتان کی حیثیت دی تھی لیکن شاید عمران خان ابھی اس کپتانی کیلئے پوری طرح تیار نہیں۔ کامران خان نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ الزامات لگانے سے پہلے یہ ضرور سوچ لیا کریں کہ وہ دلیل اور حقیقت پر مبنی ہیں یانہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.