3 مئی 2014
وقت اشاعت: 23:28
وزیراعلیٰ سندھ کو نوجوانوں کے قتل پر نائن زیرو آکر تعزیت کرنی چاہیے تھی، ایم کیو ایم
جیو نیوز - کراچی…ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو نوجوانوں کے قتل پر نائن زیرو آکر تعزیت کرنی چاہیے تھی، اس کے بجائے پرامن یوم سوگ پر تنقید کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ شہدا کے لواحقین اور حق پرست کارکنان وعوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی جانب سے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر ایم کیوایم کے پرامن یوم سوگ اور احتجاج کو افسوس ناک قراردینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں جاری نام نہاد ٹارگٹڈ آپریشن، وزیراعلیٰ سندھ کی نگرانی میں ہورہا ہے اور وہ اس آپریشن کے کپتان بھی ہیں، ان کے ہوتے ہوئے حکومت کی حلیف جماعت ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کیا افسوسناک نہیں ہیں؟ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پرامن یوم سوگ نہیں بلکہ ایم کیوایم کے کارکنوں کا وحشیانہ ماورائے عدالت قتل افسوس ناک ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی حلیف جماعت کے کارکنوں کی مسلسل گرفتاریاں، ان پر کیاجانے والا بہیمانہ تشدد اور گمشدگی افسوس ناک ہے۔ کراچی میں جاری آپریشن کے باوجود اغوا برائے تاوان کی وارداتیں، بھتاخوری اور بیامنی افسوس ناک ہے، اصولی طورپر تو وزیراعلیٰ سندھ کو ان نوجوانوں کے وحشیانہ قتل پر نائن زیرو جاکر تعزیت کرنی چاہیے تھی، شہدا کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کرنی چاہیے تھی اور اپنی نگرانی میں ان المناک واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانا چاہیے تھا لیکن اس کے بجائے وہ اس بربریت پر منائے جانے والے پرامن سوگ پر تنقید کررہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔