4 مئی 2014
وقت اشاعت: 14:19
گرمیاں بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ بھی عروج پر
جیو نیوز - لاہور…گرمیاں بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کے مسائل، شہریوں کے دیگر تمام مسائل پر حاوی ہوگئے ہیں، ہر ایک کو بجلی نہ ہونے کی شکایت ہے، کم سے کم بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چھ گھنٹے ہے، پشاور کے نواحی علاقے لوڈشیڈنگ سے زیادہ متاثرہورہے ہیں۔ باڑہ روڈ، ورسک روڈ اور کوہاٹ روڈ کے مختلف علاقوں میں15 سے 20 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں6 سے8 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ پیسکو حکام کے مطابق جن علاقوں میں بجلی چوری ہورہی ہے۔ ان علاقوں میں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پیسکو حکام کے مطابق گذشتہ دنوں نواحی علاقو ں میں بجلی ٹاورز کو بموں سے اڑانے کے واقعات کے بعد بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال یہ ہے کہ ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی غائب ہورہی ہے۔، شدید گرمی کی لپیٹ میں آیا ہوا ہے، جنوبی پنجاب بھی شدید لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں ہے، ملتان میں چھ سے آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، تاہم میپکو کے چیف ایگزیکٹو عبدالرشید طارق کاکہنا ہے کہ آج سے سسٹم میں 358 میگاواٹ بجلی شامل ہوئی ہے، جس سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں نمایاں کمی ہونے کی توقع ہے۔ بلوچستان میں ایک ہزار چالیس میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، جس کی وجہ سے کوئٹہ میں چھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بجلی کی بندش کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کردیاگیا ہے، بجلی کے غائب ہونے سے ہی پانی کی فراہمی کا مسئلہ بھی سر اٹھا رہا ہے۔