6 مئی 2014
وقت اشاعت: 23:26
جنگ اور جیو پر ممکنہ پابندیوں کیخلاف صحافیوں کا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ
جیو نیوز - لاہور …جنگ اور جیو پر ممکنہ پابندیوں کے خلاف صحافیوں کا علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ سترہویں روز بھی جاری رہا۔ کیمپ میں سول سوسائٹی اور وکلاء تنظیموں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ جنگ،جیو پر پابندی کے خدشے کے پیش نظر اور حامد میر پر حملہ کے ملزمان کوگرفتار نہ کرنے کے خلاف لاہور پریس کلب میں جاری کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما افتخار شاہد نے کہا کہ جنگ اور جیو پاکستان کی سالمیت اور جمہوریت کے لیے ناگزیر ہیں، اگر ان کو روکا گیا تو یہ ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔ سیکرٹری لاہور پریس کلب شہباز میاں نے کہا کہ جب تک حامد میر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔بھوک ہڑتالی کیمپ میں جیو اور جنگ کی ممکنہ بندش کے خلاف نعرے بازی بھی ہوتی رہی۔اس موقع پر سنئیر صحافی اور جیو نیوز لاہور کے بیورو جیف خاور نعیم ہاشمی نے کہا کہ جنگ اور جیو کی بندش جمہوریت کے لیے خطرناک ہو گی۔ بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے دنیا نیوز کے سینئر ادارتی رکن طاہر سرور میر نے کہا کہ اس وقت تمام صحافتی برادری جنگ گروپ کے ساتھ کھڑی ہے اور اگرکسی نے جنگ اور جیو کو بند کرنے کی کوشش کی تو صحافی برادری سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ سے سینئر صحافی اعجاز مرزا، اعجاز مقبول، قمر الزماں بھٹی،وحید بٹ اور وسیم بابر سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔