7 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:30
کراچی میں فائرنگ اور دھماکے،5 افراد ہلاک
جیو نیوز - کراچی…کراچی میں آج چار دھماکے ہوئے، پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں اے ایس آئی سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ کیماڑی آئل فیلڈ میں کھڑے آئل ٹینکرز میں یکے بعد دیگر دو دھماکے ہوئے، گلبائی میں بھی آئل ٹینکر میں دھماکا ہوا۔شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 5افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاوٴن کے درمیان بابا موڑ کے قریب خواجہ اجمیر نگری تھانے کی پولیس موبائل کے قریب زوردار دھماکا ہوا جس سے اے ایس آئی سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے جیو نیوز کو بتایا کہ دھماکا سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں وسیم باغ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گھات لگا کر ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے دو افراد زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے، دونوں کی شناخت معیز اللہ خان اور ارتضیٰ جعفری کے نام سے ہوئی ۔دونوں نارتھ ناظم آباد میں کٹی پہاڑی کے قریب رہائشی تھے۔پاک کالونی میں فائرنگ کر کے عزیز بخش کو قتل جبکہ اس کے بھائی بلال بخش کو زخمی کردیا گیا۔ اورنگی ٹاوٴن سے ایک نامعلوم شخص کی لاش بھی ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ کیماڑی آئل فیلڈ کے پارکنگ ایریا میں کھڑے دو آئل ٹینکرز میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے جس سے آئل ٹینکرز کو نقصان پہنچا ،دھماکے دور دور تک سنے گئے، تیسرا دھماکا ایک اور آئل ٹینکر میں گلبائی کے قریب ہوا جس سے ٹینکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ ٹینکر میں موجود تیل سڑک پر بہہ گیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ رابطہ کرنے پر پولیس حکام نے بتایا کہ تینوں آئل ٹینکرز میں میگنیٹک ڈیوائس لگا کر دھماکے کیے گئے۔